دبئی26 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)جرمنی کے دارالحکومت برلن میں آج ہفتے کی صبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تاہم اس کی مکمل تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ چاروں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کورٹس برگ کے علاقے میں پیش آنے والا یہ واقعہ باہمی جھگڑے کا نتیجہ ہے اور اس کے پیچھے سیاسی محرکات کو کوئی ثبوت نہیں ملا۔
اس سے قبل برلن میں فائر بریگیڈز کی سروس نے ٹویٹر پر بتایا کہ واقعے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے۔
اگرچہ پولیس نے دہشت گردی کا مفروضہ خارج از امکان قرار دیا تاہم اس نوعیت کے کسی بھی حملے کی صورت میں دہشت گردی کے امکانات کا شبہہ موجود رہتا ہے۔ بالخصوص جب کہ گذشتہ برسوں کے دوران کئی یورپی ممالک میں سلسلہ وار حملوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ اس حوالے سے آخری واقعہ اکتوبر کے اواخر میں پیش آیا تھا جب ایک تونسی نووجان نے ساحلی شہر نیس کے ایک چرچ میں متعدد لوگوں پر حملہ کر دیا۔
تونسی حملہ آور ابراہیم عویساوی (21 سالہ) کی اس کارروائی میں چاقو کے وار سے ایک مرد اور دو خواتین ہلاک ہو گئے تھے۔